ہفتہ، 1 مارچ، 2014

" ‫‏دکھی‬ ‫آتما‬ "


" ‫‏دکھی‬ ‫آتما‬ "

جی ہاں ! میں آتما ہی کہونگا کیا کسی کو کوئی اعتراض ہے ،اگر ہے تو وہ جان لے مجھ سے اگر کسی کو مسلہ ہے تو یہ اسکا مسلہ ہے.....
ہاں جی یہ دکھی آتما ہے جینا اجیرن کر دیا ہے زندگی میں موت کا منظر انہی کے طفیل دیکھنے کو ملا ایسے لوگوں کے لیے زمین کی نچلی طرف رہائش کا انتظام کیا جانا چاہئیے ....
کیا آپ جاننا چاہتے ہیں یہ کون ہیں تو لیجئے جانئے یہ جاننا جننے کی تکلیف سے کم نہ ہوگا ...

یہ " دکھی آتما " ہیں ہر خوشی کے موقع پر غم کا پہلو نکالنا انکا کمال ہے سنا ہے اپنی شادی کے موقع پر بھی انپر شادی مرگ کی کیفیت طاری ہو گئی تھی ....
انتہائی خوشی میں منحوس شکل بناۓ یہ موٹے موٹے ٹسوے بہاتے دکھائی دینگے اور پوچھو تو کہینگے " ارے پگلے یہ خوشی کے آنسو ہیں "

یہ خوشی کی مسکراہٹ کیوں نہیں ہوتی حالت غم میں ٹھٹھے لگاتا ہوا شخص پاگل اور خوشی میں ٹسوے بہاتا ہوئی شخص حساس .....
یہ حساس نہیں "ساس" ہے جو داماد کے گھر چار دن کے لیے آے اور یہ چار دن زندگی کو پورے پڑ جائیں.....
یہ اکثر خوشی میں غم مناتے ہوے آپ کو گلے سے پکڑنے کی یا دوسرے لفظوں میں گلے پڑنے کی کوشش کرینگے اور اگر سامنے والی جنس مخالف ہے تو گلے سے چمٹ بھی سکتے ہیں .........
کومیڈی فلم کودیکھ کر آبدیدہ ہو جانا اور دوسروں کے رنگ میں بھنگ ڈال دینا انکا مشغلہ ہے آپ کی انتہائی خوشی کی محفل کو یہ نحوست آمیز کرنے کا کمال جانتے ہیں ........
آپ کے ہاں اولاد نرینہ کی پیدائش ہوئی ہے یہ اسکی نوکری کی فکر شروع کر دینگے لڑکی کی پیدائش پر اسکے جہیز کی طرف متوجہ کرینگے کسی کی شادی میں جائینگے تو طلاق کے عیوب و نقائص گنوانا شروع کر دینگے .....
آپ کا بچہ امتحان میں پاس ہوا ہے یہ کہینگے پرسنٹیج % کم ہے ......
آپکی پروموشن ہوئی ہے یہ انڈسٹری کے ختم ہونے کی بات کرینگے .....
اگر کسی کی عیادت کو چلے جائیں تو دعاے مغفرت کر کے اٹھئینگے.....
یہ عید کے دن قبرستان جانا پسند کرتے ہیں رات کو سوتے ہیں تو قبرستان کا تصور کر کے اور صبح اٹھتے ہیں تو ملک الموت کی صورت دیکھنے کا ارادہ لیکر ....
اگر یہ آپ کے احباب میں ہیں تو ایک مسلسل عذاب ہیں انسے ملکر زندگی سے نفرت ہو جاتی ہے انکی صحبت کسی تھرڈ ڈگری تشدد سے کم نہیں ....
اگر کبھی آپ سے خوش ہوں تو ایسے دعا دینگے ....
آج تو اچھے لگ رہے ہو کہیں کوئی حادثہ نہ ہو جاۓ.
کتنا پیارہ بچہ ہے جی جاۓ تو اچھا نکلے گا ....
امتحان ہیں پڑھ رہے ہو پاس تو ہو جاؤ گے نا...
اچھا نیا کاروبار شروع کیا ہے مارکیٹ مندی ہے ....
نئی گاڑی لی ہے پیچھے سال اسی موڈل کی کار میں بابو بھائی کا حادثہ ہوا تھا چچ چچ گیارہ بچے تھے انکے ......
اچھا شادی ہوئی ہے مبارک ہو وہ پڑوس والے ساجن کی بیوی دودھ والے کے ساتھ فرار ہو گئی .......................
کسی پرانے دوست سے ملینگے تو کہینگے تم ابھی تک زندہ ہو ...
کسی کو نزلہ ہو جاۓ یہ کہینگے میاں جان لیوہ بیماری ہے ..
ہوشیار خبردار 
اگر آپ کے ارد گرد آس پاس قرب و جوار میں یہ موجود ہیں تو 
دیر نہ کریں حسب توفیق محلہ ،علاقہ ،شہر یا ملک تبدیل کرلیں 
ورنہ شاید دنیا ہی تبدیل نہ کرنی پڑ جاۓ .

حسیب احمد حسیب

کوئی تبصرے نہیں: