ہفتہ، 29 مارچ، 2014

گندی بلی !

گندی بلی !


پچھلے دنوں ایک معروف مولانا نے ایک ایسی اداکارہ سے ملاقات کی جسکا نام فحاشی اور بے حیائی کی علامت ہے جسکے برہنہ حسن کے نظارے ایک دنیا کر چکی ہے اور جسکا اپنی غلط حرکتوں پر جرات اور ڈھٹائی سے دفاع اسکی فطرت کی خرابی کی طرف اشارہ کرتا ہے ......
میں ان مولانا کی بہت عزت کرتا تھا میرے دل میں انکا بڑا احترام تھا انکے رقت آمیز بیانات سن کر میرے ایمان میں اضافہ ہو جاتا تھا
لیکن
کیا کروں اس دن کے بعد سے دل مولانا سے متنفر سا رہنے لگا ایک افسوس سا تھا
یہ مولانا نے کیا کیا
اپنی محنت
اپنی جماعت
اپنے مقام
سب کو داؤ پر لگا دیا
آخر کیوں
اگر اس عورت کی توبہ جھوٹی نکلی
اگر یہ سب بھی اسکا دھوکہ اور فریب ہوا
اگر اس سب کے اندر بھی اسکی مخصوص ڈرامے بازی ہوئی
تو ، تو کیا ہوگا
دین داروں کیلئے ایک اور سبکی ایک اور شرمندگی کا مقام
میں سوچتا رہا سوچتا رہا ......
**********^^^^^^^^^^^^^^**********^^^^^^^^^^**********

ہمارے گھر میں بلی نے ایک بچہ دیا تھا چھوٹا سا پیارا سا اسکا نام ہم نے " پاپو " رکھا پاپو ہماری زندگی کا ایک حصہ بن گیا ہمارے ایک فیملی ممبر کی طرح اسکی ماں نے اسے جلد ہی چھوڑ دیا سو وہ مستقل ہمارے ہی ساتھ رہنے لگا اسکی عادات و اتوار کسی لاڈلے بچے کی طرح ہو گۓ......

ایک دن ایک عجیب بات ہوئی پاپو اپنے کچھ فطری تقاضے پورے کرنے باہر بھی جاتا تھا علاقے کی کچھ خوبصورت اور نوجوان بلیاں پاپو پر فدا بھی تھیں اور کچھ رقیب رو سیاہ بلے پاپو کے دشمن بھی
ہوا یہ کہ پاپو ایک پورا دن نہیں آیا ...
بڑی ڈھونڈ مچی بہت پریشانی ہوئی سب اداس تھے آخر پاپو گیا کہاں
پورے چوبیس گھنٹوں کے بعد کیا دیکھا
ایک سیاہ چیز چلتی چلی آ رہی ہے
ارے
یہ تو اپنا پاپو ہے
گندی بلی

ہوا کچھ یوں کہ پاپو صاحب کسی بلی کے پیچھے کہیں دور نکل گۓ تھے اور شاید اپنے کسی رقیب مد مقابل سے دو بدو مبازرت میں کسی برساتی نالے میں گر کر بھیگی ہوئی بلی بنے ہوے تشریف لاۓ
بدبو دار سیاہ گندے پانی میں بھیگی ہوئی " گندی بلی "

لیکن کیا کریں محبتیں یہ سب نہیں دیکھتیں
اپنوں کا گند دکھائی نہیں دیتا انکی کمیوں پر پردہ ڈالا جاتا ہے
انکی کمزوریوں کا دفاع کیا جاتا ہے
کیونکہ وہ اپنے ہوتے ہیں
یہ گندی بلی بھی تو اپنی ہی تھی
پھر اسے نہلایا دھلایا چمکایا
لیکن ........
کچھ دن گزرے تو پھر ایسے ہی ہوا
کوئی بات نہیں بلی گندی سہی اپنی ہے

**********^^^^^^^^^^^^^^**********^^^^^^^^^^**********
جی ہاں بلی گندی ہے مگر اپنی ہے
آج مجھے معلوم ہوا مولانا کی کیا سوچ تھی
انھیں اسکا ڈر نہیں کہ یہ پھر بھٹک جاۓ گی
یہ پھر گند میں منہ مارے گی

انھیں اس کا ڈر نہیں کہ انکی عزت و مقام کا پھر کیا ہوگا
لوگ کیا کہیںگے
کیا سوچینگے
وہ اپنی محبت سے مجبور ہیں

بلی گندی سہی اپنی تو ہے

حسیب احمد حسیب

کوئی تبصرے نہیں: