جمعہ، 30 مئی، 2014

کشف و الہام کی حقیقت !

نوٹ : کوشش کی گئی ہے کہ مستند علما سلف صالحین کی فکر کو بیان کیا جاۓ اہل علم کسی بھی غلطی پر تنبیہ فرمانے سے گریز نہ کریں ، شکریہ )

کشف و الہام کی حقیقت !

کشف و الہام سے متعلق ہر دو اطراف شدید غلو کا شکار ہیں ایک طرف تو اسے صریح شرک قرار دیا جاتا ہے تو دوسری طرف اسکو حجت شرعی قرار دینے کی کوشش ہوتی ہے ....
کوشش کرتا ہوں کہ افراط و تفریط سے ہٹ کر کچھ بیان کر سکوں

کشف کی دو بنیادی اقسام ہو سکتی ہیں

١ کشف علمی
٢ کشف الہامی

کشف سے مراد کسی عقدہ کا کھل جانا ہے سوچ کا کوئی نیا در وا ہونا کسی نئی بات کا سمجھ آنا یا کسی پرانی بات کی کوئی نئی تعبیر کا سوجھ جانا ..........

کشف علمی امور دینیہ میں بھی ہوتا ہے اور امور دنیوی میں بھی یہ مسلمان کو بھی ہو سکتا ہے اور غیر مسلم کو بھی ......
علمی مکاشفات کا مشاہدہ ہر شخص کر سکتا کسی بھی مسلے پر تنہائی میں یا کسی عالم کی صحبت میں موجودات کی اس تغیر پذیر دنیا میں بےشمار ایسی ایجادات ہیں جب موجد دریافت کچھ اور کرنا چاہتا تھا اور ہو کچھ اور گیا ایک سیب کے گرنے سے نیوٹن کی توجہ لاء آف گراویٹی کی طرف مبذول ہوجانا کشف علمی کی ہی ایک مثال ہے ......

کشف علمی دینی معاملات میں بھی ہوتا ہے حضرت عمر فاروق رض کے ساتھ یہ معاملہ کثرت سے پیش آتا تھا
حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کو یہ سعادت کئی مرتبہ حاصل ہوئی کہ وحیِ خداوندی نے ان کی رائے کی تائید کی۔ حافظ جلال الدین سیوطی نے “تاریخ الخلفاء” میں ایسے بیس اکیس مواقع کی نشاندہی کی ہے، اور امام الہند شاہ ولی اللہ محدث دہلوی قدس سرہ نے “ازالة الخفاء عن خلافة الخلفاء” میں دس گیارہ واقعات کا ذکر کیا ہے، ان میں سے چند یہ ہیں:
۱:…حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی رائے یہ تھی کہ جنگِ بدر کے قیدیوں کو قتل کیا جائے، اس کی تائید میں سورة الانفال کی آیت:۶۷ نازل ہوئی۔
۲:…منافقوں کا سرغنہ، عبداللہ بن اُبیّ مرا تو آپ کی رائے تھی کہ اس منافق کا جنازہ نہ پڑھایا جائے، اس کی تائید میں سورة التوبہ کی آیت:۸۴ نازل ہوئی۔
۳:…آپ مقامِ ابراہیم کو نمازگاہ بنانے کے حق میں تھے، اس کی تائید میں سورہٴ بقرہ کی آیت:۱۲۵ نازل ہوئی۔
۴:…آپ ازواجِ مطہرات کو پردہ میں رہنے کا مشورہ دیتے تھے، اس پر سورہٴ احزاب کی آیت:۵۳ نازل ہوئی اور پردہ لازم کردیا گیا۔
۵:…ام الموٴمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا پر جب بدباطن منافقوں نے نارَوا تہمت لگائی اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے (دیگر صحابہ کے علاوہ) حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے بھی رائے طلب کی، آپ نے سنتے ہی بے ساختہ کہا: “توبہ! توبہ! یہ تو کھلا بہتان ہے!” اور بعد میں انہی الفاظ میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی برأت نازل ہوئی۔
۶:…ایک موقع پر آپ نے ازواجِ مطہرات کو فہمائش کرتے ہوئے ان سے کہا کہ اگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تمہیں طلاق دے دیں تو اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تم سے بہتر بیویاں عطا کردے گا، اس کی تائید میں سورة التحریم کی آیت نمبر:۵ نازل ہوئی، وغیرہ وغیرہ۔

ایسے ہی کچھ واقعات الفرقان میں ابن تیمیہ رح نے بھی نقل فرماۓ ہیں .

اب گفتگو کرتے ہیں کشف الہامی سے متعلق...

الہام: بمعنى وہ بات جو اللہ تعالى يا ملاء أعلى كى جانب سے كسى كے دل ميں ڈال دى جائے(مف) اور بمعنى سمجھ اور بصيرت عطا فرمانا۔ توفيق دينا (منجد) وحى كى طرح الہام بھی شيطانى ہو سكتا ہے۔ خصوصا جب كہ اس كا كسى آيت شرعيہ سے استدلال نہ ہو سکتا ہو۔

جیسا کہ قرآن کریم میں اسکا استعمال ہوا ہے

فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا (سورة الشمس،سورة نمبر:91، آيت 8) پھر انسان كو بدى (سے بچنے) كى اور پرہیزگاری (اختيار كرنے) كى سمجھ دی۔

یا ایک جگہ بیان کیا گیا

وَإِنَّ الشَّيَاطِينَ لَيُوحُونَ إِلَى أَوْلِيَائِهِمْ لِيُجَادِلُوكُمْ( سورة الانعام:سورة 6، آيت 12) "اور شیطان اپنے رفيقوں کے دل ميں بات ڈالتے ہیں كہ وہ تم سے جھگڑا کریں ۔"

کشف الہامی دو طرح سے ہو سکتا ہے

١ سچے خواب
٢ دل میں کسی بات کا القاء کیا جانا

سچے خواب مبشرات میں سے ہیں

علامہ ابن خلدون لکھتے ہیں کہ تمام انسانوں اور انبیاء کے خواب میں فرق کی وجہ اپنی اپنی روحانی استعداد ہے . تمام لوگوں کی روحانی استعداد میں سب سے بڑی رکاوٹ خود حواس ظاہرہ ہیں . انبیاء کے خوابوں کے متعلق لکھتے ہیں ''وہ اس استعداد کاکام ہے جس میں انسان بشریت چھوڑ کر ملوکیت جیسے بلند اور روحانی مقام میں جذب ہو جاتا ہے .
مقصد یہ ہے کہ انسان میں جسقدر روحانی استعداد زیادہ ہو گی . اسی قدر اس کے خواب زیادہ سچے ہوں گے اور طاہر ہے کہ انبیاء کی روحانی استعداد اور تمام دوسروں انسانوں سے زیادہ بلند ہوتی ہے .اس لئے ان کے خواب سو فیصد سچے اور الہامی ہو تے ہیں .
پیغمبروں پر یہ حالت اس وقت طاری ہو تی ہے جب وحی کے نازل ہو نے کا وقت آتا ہے .ایسے موقع پر انہیں نیند کی طرح ادراک ہو تا ہے . نیند اور وحی کی اس مشابہت ہی کے باعث آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے خواب کو نبوت کا چھیالسوں حصہ قرار دیا ہے .

علامہ ابن خلدون لکھتے ہیں .
پس یہ بات خدا نے انسان کی فطرت میں ڈال دی ہے کہ وہ نیند کی حالت میں حواس کا پردہ اپنی ذات سے علیحدہ کر دیتا ہے .اور اس پردہ کے اٹھ جانے کے بعد نفس عالم کا حق کے مشاہدات سے معرفت حاصل کرتا ہے . بعض اوقات اس پر معرفت کا ایسا لمحہ بھی آتا ہے جب اسے اپنی آرزوؤں کی تکمیل کا علم ہو جاتا ہے . یہی وجہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے مبشرات کہا ہے اور فر مایای ہے کہ ''نبوت باقی نہ رہیگی '' مگر مبشرات باقی رہ جائیں گے .

مختصر صحیح بخاری
خوابوں کی تعبیر کا بیان
باب : اچھے خواب خوشخبریاں ہیں۔
حدیث نمبر : 2180
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “ نبوت میں سے فقط مبشرات (بشارتیں) باقی رہ گئی ہیں۔” صحابہ نے عرض کی کہ مبشرات (خوشخبریاں) کیا ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: “ اچھے خواب۔” (مبشرات یعنی خوشخبری اور بشارتیں ہیں)۔

کشف الہامی کی دوسری قسم دل میں کسی بات کا القاء کر دیا جانا ہے ....

یہ صلاحیت بھی مسلم اور غیر مسلم دونوں کو حاصل ہو سکتی ہے دونوں کی ایک ایک مثال ملاحظہ کیجئے

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ابن صیاد کے ساتھ قصہ :
امام بخاری بیان کرتے ہیں کہ ہمیں عبدان نے عبداللہ سے حدیث بیان کی وہ یونس سے اور یونس زہری سے بیان کرتے ہیں اور زہری بیان کرتے ہیں کہ سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ انہیں ابن عمر رضی اللہ عنہما نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک گروپ میں ابن صیاد کی طرف گۓ تو اسے بنو غلم کے قلعہ کے پاس بچوں میں کھیلتے ہوئےپایا اور ابن صیاد بلوغت کے قریب پہنچ چکا تھا تو اسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے آنے کا کچھ پتہ نہ چلا حتی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ہاتھ سے مارا پھر ابن صیاد کو کہنے لگے کیا تو گواہی دیتا ہے کہ میں اللہ کا رسول ہوں تو ابن صیاد نے ان کی طرف دیکھا اور کہا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ آپ امیوں کے رسول ہیں تو ابن صیاد نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو کہنے لگا کیا آپ گواہی دیتے ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے چھوڑ دیا اور رفض کر دیا اور کہنے لگے میں اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لایا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کہا کہ تو کیا دیکھتا ہے ابن صیاد کہنے لگا میرے پاس سچا اور جھوٹا آتا ہے
تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تجھ پر معاملہ الٹ پلٹ ہو گیا ہے پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کہا میں تیرے لۓ ایک چھپانے والی چیز چھپائی ہے تو ابن صیاد کہنے لگا وہ الداخ ہے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے کہا ذلیل ہو جا تیری قدر بڑھ نہیں سکتی تو عمر رضی اللہ عنہ کہنے لگے مجھے اجازت دیں میں اس کی گردن اتار دوں تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر یہ رہنے والا ہے تو تو اس پر مسلط نہیں ہو سکتا اور اگر نہیں تو اس کے قتل میں آپ کی کوئی بھلائی نہیں اور سالم کہتے ہیں کہ میں نے ابن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا وہ کہہ رہے تھے اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کھجوروں کے باغ میں گۓ جہاں ابن صیاد موجود تھا اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ بہت زیادہ کوشش تھی کہ ابن صیاد کے دیکھنے سے قبل ان کی چوری چھپے بات سنی جائے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے دیکھا کہ وہ اپنی چھو درا چادر میں لپٹا ہوا تھا اور اس کی نہ سمجھ آنے والی آواز تھی جس سے اس کے ہونٹ ہل رہے تھے تو ابن صیاد کی ماں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو جو کہ کھجور کے تنوں کے پیچھے پیچھے چھپ چھپ کر چل رہے تھے دیکھ کر ابن صیاد کو کہا اے صاف جو کہ ابن صیاد کا نام ہے یہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں تو ابن صیاد کود کر اٹھ بیٹھا نبی صلی اللہ علیہ وسلم فرمانے لگے اگر وہ اسے چھوڑ دیتی تو اس کا معاملہ واضح ہو جاتا ۔
صحیح بخاری حدیث نمبر ١٢٥٥

دوسرا واقعہ حضرت عمر فاروق رض کا ہے ابن تیمیہ رح نے الفرقان میں اسکو نقل فرمایا ہے

سیدنا عمر فاروق رضی اﷲ عنہ نے ایک لشکر جہاد کے لیے کسی دور دراز علاقے میں بھیجا تھا اور اس لشکر کا امیر ساریہ نامی ایک شخص کو مقرر کیا تھا … اپنے علاقے میں خطبہ دیتے ہوئے امیر عمر کی زبان سے یہ جملہ نکلا'' یا ساریة الجبل الجبل'' یعنی اے ساریہ پہاڑ کی طرف کا خیال کرو ۔ اﷲ تعالیٰ نے عمر فاروق کی یہ آواز اس دور کے علاقے میں پہنچا دی اور لشکر نے اپنی حفاظت کا بندوبست کر لیا۔ یہ واقعہ سند کے اعتبار سے قابل قبول ہے دیکھئے سلسلة الصحیحہ حدیث 1110 فتاویٰ الجنہ الدائمہ رقم الفتویٰ 17021 مجموع فتاویٰ ابن عثیمین 311/4 وغیرہ

چونکہ اس روایت سے متعلق کافی گرد اڑائ گئی ہے اسلئے مختلف طرق سے اس سے متعلق محدثین کی آراء نقل کر دوں.

أنَّ عمرَ وجَّهَ جيشًا ورأَّسَ عليهم رجلًا يقال له : ( ساريةُ ) ، قال : فبينما عمرُ يخطبُ ، فجعل يُنادي : يا ساريةُ الجبلَ ، يا ساريةُ الجبلَ ( ثلاثًا ) ، ثم قدم رسولُ الجيشِ فسألَه عمرُ ؟ فقال : يا أميرَ المؤمنين ! هُزِمْنَا ، فبينما نحنُ كذلك إذ سمعنا مناديًا : يا ساريةُ الجبلَ ( ثلاثًا ) ، فأسنَدْنا ظُهورنا بالجبلِ ، فهزمَهُمُ اللهُ . قال : فقيل لعمرَ : إنك كنتَ تصيحُ بذلكَ
الراوي: عبدالله بن عمر المحدث: الألباني - المصدر: الآيات البينات - الصفحة أو الرقم: 93
خلاصة حكم المحدث: إسناده جيد حسن

فجعل يُنادي يا ساريةُ الجبلَ يا ساريةُ الجبلَ ثلاثًا ثم قدِم رسولُ الجيشِ فسأله عمرُ فقال : يا أميرَ المؤمنين هُزِمْنا فبينما نحن كذلك إذ سمعْنا مناديًا يا ساريةُ الجبلَ ثلاثًا فأسندْنا ظهورَنا بالجبلِ فهزمَهم اللهُ قال : فقيل لعمرَ : إنك كنت تصيحُ بذلك
الراوي: - المحدث: الألباني - المصدر: السلسلة الصحيحة - الصفحة أو الرقم: 3/101
خلاصة حكم المحدث: إسناده جيد حسن

عن ابنِ عمرَ قال وجَّهَ عمرُ جيشًا ورأَّسَ عليهم رجلًا يُدعى ساريةَ فبينا عمرُ يخطبُ جعل يُنادي يا ساريةُ الجبلَ ثلاثًا ثم قدم رسولُ الجيشِ فسألَه عمرُ فقال يا أميرَ المؤمنين هُزمنا فبينا نحن كذلك إذ سمعنا صوتًا يُنادي يا ساريةُ الجبلَ ثلاثًا فأسندنا ظهْرَنا إلى الجبلِ فهزمَهُمُ اللهُ تعالَى قال قيل لعمرَ إنك كنتَ تصيحُ بذلك
الراوي: عبدالله بن عمر المحدث: ابن حجر العسقلاني - المصدر: الإصابة - الصفحة أو الرقم: 2/3
خلاصة حكم المحدث: إسناده حسن

وجَّهَ عُمَرُ جَيشًا , وولَّى عليهِمْ رجُلًا يُدعَى سارِيةَ و فَبَينا عُمرُ يَخطُبُ جَعلَ يُنادي يا سارِيَةُ الجبَلَ ثلاثًا ثُمَّ قدِمَ رسولُ الجيشِ فسألَهُ عُمرُ , فقال يا أميرَ المؤمنينَ هُزِمنا فبينا نَحنُ كذلِكَ إذ سمِعنا صوتًا ينادي يا ساريةُ الجبلَ ثلاثًا , فأسنَدنا ظَهرَنا إلى الجبَلِ فهزَمَهُم اللَّهُ , قال فقيلَ لعُمَرَ إنَّكَ كنتَ تَصيحُ هكَذا
الراوي: عبدالله بن عمر المحدث: العجلوني - المصدر: كشف الخفاء - الصفحة أو الرقم: 2/515
خلاصة حكم المحدث: إسناده حسن

أنَّ عُمرَ وجَّهَ جيشًا ورَأَّسَ عليهِمْ رَجلًا يقالُ لهُ سارِيةُ قال فبينما عُمَرُ يخطُبُ فجعَلَ ينادي يا سارِيَ الجبلَ يا سارِيَ الجبلَ ثلاثًا ثمَّ قَدِمَ رسولُ الجيشِ فسأَلهُ عُمرُ فقال يا أميرَ المؤمنينَ هُزِمنا فبينما نحنُ كذلِكَ إذ سَمِعنا مُنادِيًا يا سارِيةَ الجبَلَ ثلاثًا فأسندنَا ظُهورَنا بالجبَلِ فهزَمَهُمُ اللَّهُ قال فقيل لِعُمَرَ إنَّكَ كُنتَ تَصيحُ بِذلِكَ
الراوي: عبدالله بن عمر المحدث: ابن كثير - المصدر: البداية والنهاية - الصفحة أو الرقم: 7/135
خلاصة حكم المحدث: إسناده جيد حسن

عن عمرَ أنه قالَ في خطبتِه يومَ الجمعةِ : يا ساريةَ الجبلَ الجبلَ . فالتفتَ الناسُ بعضُهم لبعضٍ فلم يفهموا مرادَه ، فلما قضى الصلاةَ ، قال له عليٌّ : ما هذا الذي قلتَه ؟ قال : وسمعتُه ؟ قال : نعم وكلُّ أهلِ المسجدِ ، قالَ : وقعَ في خلدي أن المشركين هزموا إخوانَنا وركبوا أكتافَهم وهم يمرون بجبلٍ فإن عدلوا إليه قاتلوا من وجدوا وظفروا وإن جازوا هلكوا فخرجَ مني هذا الكلامُ . فجاءَ البشيرُ بعد شهرٍ فذكرَ أنهم سمعوا في ذلك اليومِ وتلك الساعةِ حين جاوزوا الجبلَ صوتًا يشبهُ صوتَ عمرَ ، قالَ : فعدلْنا إليه ففتحَ اللهُ
الراوي: - المحدث: ابن الملقن - المصدر: الإعلام - الصفحة أو الرقم: 1/144
خلاصة حكم المحدث: إسناده كل رواته ثقات

(http://www.dorar.net/hadith...)

اسی طرح ایک اور روایت ملتی ہے

’حضرت حارث بن مالک انصاری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ وہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاس سے گزرے تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان سے پوچھا : ’’اے حارث! (سناؤ) تم نے صبح کیسے کی؟ انہوں نے عرض کیا : یا رسول اللہ! میں نے ایمان کی حقیقت پاتے ہوئے صبح کی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اے حارث! غور کر کے بتاؤ تم کیا کہہ رہے ہو؟ بے شک ہر شے کی ایک حقیقت ہوتی ہے، تمہارے ایمان کی کیا حقیقت ہے؟ عرض کیا : یا رسول اللہ! میں نے اپنے نفس کو دنیا کی محبت سے جدا کر لیا ہے اور راتوں کو جاگ کر عبادت کرتا ہوں اور دن کو (روزے کے سبب) پیاسا رہتا ہوں گویا میں اپنے رب کے عرش کو اپنی آنکھوں سے دیکھتا ہوں اور مجھے ایسے لگتا ہے جیسے جنتی ایک دوسرے کی زیارت کرتے جا رہے ہیں اور دوزخیوں کو (اس حالت میں) دیکھتا ہوں کہ وہ ایک دوسرے پر گر رہے ہیں۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اے حارث تم عارف ہو گئے، پس اس (کیفیت و حال) کو تھامے رکھو اور یہ (جملہ) آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تین مرتبہ فرمایا۔‘‘
ابن ابي شيبه، المصنف، 6 : 170، رقم : ٣٠٣٢٥

پھر عرض کر دوں کہ کشف کا تعلق اسلام یا کفر ولی یا گناہ گار سے نہیں یہ معاملہ غیر اختیاری ہے اور کسی کے ساتھ بھی پیش آ سکتا ہے کشف یا مبشرات حجت شرعی نہیں لیکن انکا انکار بھی ممکن نہیں بہتر یہی ہے کہ افراط و تفریط سے بچتے ہوے معاملے کی تفہیم حاصل کی جاۓ.

واللہ اعلم بالصواب۔

حسیب احمد حسب

کوئی تبصرے نہیں: